.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

قومی اردو کونسل میں اردو اساتذہ کو استقبالیہ دیا گیا

ہفتہ, ستمبر 27, 2014


نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ریفریشر کورس کر رہے ملک کے طول و ارض سے آئے یونیورسٹی اساتذہ کوقومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں26 ستمبر کو شاندار استقبالیہ دیا گیا، اس موقع پر کونسل کے ڈائرکٹر نے آئے مہمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کا تعلق درس و تدریس سے ہے۔ آپ سے نئی نسل کو کافی امیدیں ہیں اور قوم کا مستقبل آپ کے ہاتھوں سنورتا ہے مجھے امید ہے کہ آپ سب اردو زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
 قومی اردو کونسل یہ چاہتی ہے کہ آپ اپنے علاقے میں اردو کے فروغ کی ہر ممکن کوشش کریں اور اس کوشش میں کونسل ہر طرح کا تعاون دینے کو تیار ہے۔تقریب کی صدارت کر رہے دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین پروفیسر خالد محمود نے فروغ اردو کی کوششوں میں کونسل کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اردو کونسل آج ہندوستان میں اردو کے فروغ کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ اس ادارے نے نادر و نایاب کتابیں شائع کی ہیں۔ انھوں نے کونسل کے ڈائرکٹر خواجہ محمد اکرام الدین کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کونسل ان کی سربراہی میں ترقی کی نئی منازل طے کر رہی ہے۔

کونسل کے ڈائرکٹر نے تمام اساتذہ کو قومی اردو کونسل کا جریدہ ماہنامہ ’اردودنیا‘ اور کونسل کی کچھ کتابیں تحفے میں پیش کیں۔اس موقع پر ملک کی مختلف یونیورسٹیوں سے آئے اساتذہ نے اپنا تعارف پیش کیا اور کونسل کے حوالے سے گفت و شنید کی۔ اس تقریب میں سینئر کنسلٹنٹ محمد عصیم،ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ، شاہنواز محمد خرم ، انتخاب عالم، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز محمد اجمل سعید، محمد فیروز عالم، انتظامی امور کے انچارج محمد احمد، ریسرچ اسسٹنٹ محمد احمد خان ،معید رشیدی ،ڈاکٹر شاہد اختر وغیرہ موجود تھے۔


0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔