.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

لوگوں کی توقعات اور معیارپر کھرا اترنے کی بھر پور کوشش کریں : امیر جماعت اسلامی ہند

بدھ, اکتوبر 01, 2014

نئی دہلی
  ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی کوششیں قابل ستائش ہیں بہت کم وقت میں اسکالر اسکول نے علاقے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ بحیثیت مجموعی ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ہم نے تعلیم کے اعلیٰ معیار کو پا لیا ہے ، ابھی اس سمت میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمارے بچوں کی تعلیم و تربیت دینی نہج پر ہو اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب اساتذہ بھی دینی ذہن رکھتے ہوں ۔ ادارے کے ذمہ داروں کے پیش نظر یہ بات بھی رہنی چاہیے کہ یہ اسکول مرکز جماعت اسلامی کے کیمپس میں واقع ہے ، لوگوں کی توقعات اور معیارپر کھرا اترنے کی بھر پور کوشش کریں ۔


ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ہند جناب مولانا سید جلال الدین عمری نے30ستمبر کوجماعت کے کیمپس میں واقع اسکالر اسکول کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقد ایک تقریب میں کیا ۔ مولانا نے کہا کہ یہ دور مسابقت کا ہے لہذا ہمیں اس کے لیے ہر اعتبار سے خود کو تیار کرنا چاہیے ۔ ادارے کے ذمہ داروں کو ہمیشہ اس بات کی فکر رکھنی چاہیے کہ ادارے کہ ہمہ جہت ترقی کو کس طرح یقینی بنائیں ، عصری تعلیی تقاضوں سے ہمہ آہنگ دینی ذہن رکھنے والے اساتذہ کے بچوں پر اثرات پڑتے ہیں ۔ مولان محترم نے کہا کہ طلبا کی شخصیت سازی میں عمارت کا نہیں بلکہ اہل ا ساتذہ کا اہم رول ہوتا ہے ۔ 

مولانا نے مزید کہا کہ ایسی کوشش ہو نی چاہیے کہ یہ ادارہ ملک میں اپنے تعلیمی معیار کے لحاظ سے مثالی بن سکے ، ابھی تک ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ یہ کہہ سکیں ملکی سطح پر ہمارا کوئی ادارہ اعلیٰ درجے کا تعلیمی معیارکھتا ہے ۔ ملکی و عالمی سطح پر حالات تیز رفتاری سے تبدیل ہو رہے ہیں ، ہمیں ان پر نظر رکھنی ہوگی۔
اس موقع پر ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے سی ای او جناب رفیق احمد نے ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی خدمات اور اس کے مختلف شعبوں کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور فاونڈیشن کے جنرل سکریٹری جناب کے صدیق حسن کے ذ ریعہ ملک بھر میں متعارف کرائے گئے سماجی معاشی و تعلیمی تبدیلی کے پروگرام وزن 2016 کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کی اپیل کی ۔

واضح رہے کہ اسکالر اسکول کی دوبارہ شروعات 2010میں کی گئی تھی فی الحال آٹھویں درجے تک کی تعلیم کا نظم ہے، جسے بتدریج ہر سال بڑھایا جا رہا ہے۔ پروگرام میں جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل جناب نصرت علی ، فاونڈیشن کے قائم مقام جنرل سکریٹری جناب مولوی مامونی، مہمان خصوصی کیرالا کے معروف تاجر غزل فوڈس کے ڈائریکٹر جناب سلیم صاحب اور جناب عبدالرحمن شریک ہوئے ۔ اسکولی بچوں نے گل دستوں سے اور حمد پیش کرکے مہمانوں کا استقبال کیا نظامت کے فرائض رضوان رفیقی نے انجام دیے ، اسکول انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کی خدمت میں یادگاری مومنٹو بھی پیش کیا گیا ۔ جن اہم شخصیات نے پروگرام میں شرکت کیں ان میں الشفاء اسپتال کے ڈائریکٹرجناب قمرالدین ، فاونڈیشن کے نیشنل کو آرڈینیٹر سلیم اللہ خان ، ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری جناب قاسم رسول الیاس کے نام قابل ذکر ہیں ۔ آخر میں اسکول کے منتظم قاضی محمد میاں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں علاقے کی معزز شخصیات و بچوں کے سرپرستوں نے شرکت کی ۔ 

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔