.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

ریاض بک فیئر، ایک اسلامک پبلشر کا اسٹال بند کرا دیا گیا

جمعرات, مارچ 13, 2014

ریاض بک فیئر، ایک اسلامک پبلشر کا اسٹال بند کرا دیا گیا
ریاض ۔13مارچ(یو این این ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے کتاب میلے سے حکام نے ایک اسلامک پبلشر کا اسٹال بند کراتے ہوئے اس کی تمام کتابیں ضبط کر لی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ تحریریں سعودی ریاست کے لیے خطرہ ہیں۔
ریاض میں یہ انٹر نیشنل بک فیئر چار مارچ سے جاری ہے تاہم میلے میں لگایا گیا عرب نیٹ ورک فار ریسرچ اینڈ پبلشنگ کا اسٹال جمعہ کی شب ہٹا دیا گیا۔ اس پبلشر کی طرف سے بک فیئر میں شریک ایک فرد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، منتظمین میں سے ایک نے ہمیں بتایا کہ ایڈیٹر نے اپنے اسٹال پر ایسی کتب بھی رکھی ہیں جن پر پابندی عائد ہے اور جو سعودی عرب کی سکیورٹی پر اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔
عرب نیٹ ورک کے سربراہ نواف القدیمی نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا، میں ہفتے کی صبح جب بک فیئر میں پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ راتوں رات ہمارے اسٹال کی جگہ پر کسی اور کمپنی کا اسٹال لگا دیا گیا تھا۔ قدیمی کے بقول ان کی کمپنی کو اسٹال بند کرنے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
ایک مقامی سعودی اخبار مکہ ڈیلی نے وزیر برائے ثقافت و اطلاعات عبدالعزیز کھوجہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ پبلشر نے خفیہ طریقے سے ایسی کتب لانے اور اور انہیں بانٹنے کی کوشش کی جن پر پابندی عائد ہے۔ اس طرح اس پبلشر نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔اخبار کھوجہ کے حوالے سے مزید لکھتا ہے کہ یہ کتب، سعودی ریاست اور حکومت کی سکیورٹی کے لیے نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ یہ ایک غیر قانونی اور غیر اخلاقی حرکت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بک فیئر میں موجود اس پبلشر کا اسٹال بند کر دیا گیا اور کوئی بھی اور پبلشر اگر قوانین کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے بھی یہی نتیجہ بھگتنا ہو گا۔
عرب نیٹ ورک فار ریسرچ اینڈ پبلشنگ کے دفاتر قاہرہ اور بیروت میں موجود ہیں۔ اس ادارے کے سربراہ نواف القدیمی کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ اپنے سیاسی افکار کے حوالے سے اخوان المسلمون کے قریب ہیں۔ اخوان المسلمون بہت سی عرب ریاستوں میں کالعدم جماعت ہے۔ سعودی حکومت نے گزشتہ ہفتے ہی اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

مسجد نبوی میں بھی جمعہ کے خطبات انگریزی ،اردو سمیت دیگر زبانوں میں سننے کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبہ پر کام شروع 
مدینہ منورہ ۔ 13 مارچ (یو این این) مکۃ المکرمہ کے بعد مسجد نبوی میں بھی نمازیوں کیلئے جمعہ کے خطبات بیک وقت انگریزی سمیت دیگر زبانوں میں سننے کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبہ پر کام شروع کردیا گیا۔ جمعرات کو سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ کے امیر شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد نبوی میں جمعہ کے خطبات کے بیک وقت ترجمہ کیلئے پروگرام کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا جس کے بعد اب بیرون ملک سے آئے زائرین مسجد نبوی میں بھی براہ راست جمعہ کے خطبات انگریزی اور اردو سمیت دیگر زبانوں میں بھی سن سکیں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اور یہ منصوبہ بھی ان کے عطیم اقدامات میں سے ایک ہے۔ شہزادہ فیصل نے مسجد نبوی میں اکیڈمی کا بھی افتتاح کیا۔

فلسطینی کسی مسلمان یا عرب ملک کیخلاف بندوق نہیں اٹھائیں گے : حماس
غزہ۔13مارچ(یو این این ) فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے پارلیمانی لیڈر اور ترجمان ڈاکٹر صلاح الدین بردویل نے کہا ہے کہ فلسطینی کسی مسلمان یا عرب ملک کیخلاف بندوق نہیں اٹھائیں گے، مصری میڈیا نے حماس پر بلا جواز تنقید اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری سمجھ رکھی ہے۔ ایسے لگ رہا ہے مصر میں حماس کے علاوہ کوئی دوسرا موضوع بچا ہی نہیں ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ڈاکٹر بردویل نے کہاکہ ہماری جدوجہد کا ہدف صرف صہیونی ریاست ہے اور ہم اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے دشمن کیخلاف تمام وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کریں گے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ کی ساحلی پٹی پر حملے ،کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
غزہ ۔13 مارچ (یو این این)اسرائیلی فضائیہ کے جنگی طیاروں کی غزہ کی ساحلی پٹی پر حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کی ساحلی پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے 30راکٹ فائر کئے جن میں سے 8شہری علاقوں میں گرے ۔ اسرائیلی حکام کے مطابق جنگی طیاروں نے غزہ پٹی پر حکومت کرنے و الی انتہا پسند تنظیم حماس کے مسلح ونگ اسلامی جہاد کے مشتبہ ٹھکانوں کو خاص طور پر نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔ دوسری جانب القدس بریگیڈ کا دعویٰ ہے کہ اس نے جنوبی اسرائیلی علاقے پر 90کے قریب راکٹ داغ ہیں القدس کے مطابق راکٹ فائر کرنے کا سلسلہ گزشتہ منگل کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد کی ہلاکت کے جواب میں کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ حملوں کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یمن: امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کا مبینہ رکن ہلاک
صنعا۔13مارچ(یو این این ) یمن کے وسطی صوبے میں امریکی ڈرون حملے سے القاعدہ کا مبینہ رکن ہلاک ہوگیا۔غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق حملہ یمن کے وسطی صوبے معارب میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈرون کے ذریعے ایک کار پر 3 راکٹ فائر کیے گئے جس سے کار میں اگ لگ گئی اور اس میں سوار ایک شخص عباد الشبوانی ہلاک ہوگیا۔ مرنے والا شخص القاعدہ کا رکن بتایا جاتا ہے

غزہ پٹی اسرائیلی فضائیہ کے حملے
غزہ ۔13مارچ(یو این این ) غزہ پٹی پر اسرائیلی فضائیہ کے جنگی طیارے بدھ کی رات مختلف مقامات کو نشانہ بناتے رہے۔ جنگی طیاروں نے غزہ پٹی پر حکومت کرنے والی انتہا پسند تنظیم حماس کے مسلح ونگ اسلامی جہاد کے مشتبہ ٹھکانوں کو خاص طور پر نشانہ بنانے کی کوششیں کیں۔ مختلف ذرائع کے مطابق غزہ کی ساحلی پٹی پر نو حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کا اندازہ رات کی وجہ سے لگایا نہیں جا سکا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی اسرائیل میں کم از کم 30 راکٹ فائر کیے گئے اور ان میں سے آٹھ شہری علاقوں پر گرے جبکہ بیشتر کو آئرن ڈوم میزائل سسٹم نے ناکارہ بنا دیا۔ دوسری جانب القدس بریگیڈ کا دعوی ہے کہ اس نے جنوبی اسرائیلی علاقے پر 90 کے قریب راکٹ داغے ہیں۔ القدس کے مطابق راکٹ فائر کرنے کا سلسلے منگل کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد کی ہلاکت کے جواب میں کیا گیا تھا۔

کویت اور دوسرے خلیجی ملکوں سے اخوان کو مدد مل رہی ہے: خلفان
دبئی۔13مارچ(یو این این ) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ڈپٹی چیف پولیس چیف ضاحی خلفان نے کہا ہے کہ اخوان المسلمون کو خلیجی ملکوں بالخصوص کویت کے اندر سے مدد مل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے بعد کویتی اخوانی کارکن آزادانہ پڑوسی ملکوں میں سفر نہیں کرسکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ٹیوٹر” پر شائع ایک بیان میں ضاحی خلفان کا کہنا ہے خلیجی ممالک کے میں اخوانیوں کی مالی مدد کرنے والوں کے خلاف مصر میں مقدمات قائم کیے جانے چاہئیں۔ نیز ان کی تفصیلات لبنان کو بھی فراہم کی جانی چاہئیں کیونکہ اخوانی لبنان ہی کو اپنا متبادل ٹھکانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔خلفان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کویتی صحافی محمد صالح السبتی نے “العربیہ” نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کویت میں اخوان المسلمون کے وفاداروں کی موجودگی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یہ بات کویت کی حکومت بھی جانتی ہے اور خود اخوان کی مرکزی قیادت بھی کویت میں اپنے نیٹ ورک کی موجودگی کا اعتراف کرتی ہے۔
محمد صالح کا کہنا تھا کہ اخوان المسلمون کے رہ نما اپنی تقریروں اور کتابوں میں بتا چکے ہیں کہ خلیجی ممالک کے اندر بالخصوص کویت سے مالی مدد مل رہی ہے۔ دبئی پولیس کے ڈپتی چیف نے جو کچھ کہا ہے اس پر کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی ہیں۔ اخوان المسلمون کے رہ نما نہایت فخر کے ساتھ یہ کہتے رہے ہیں کہ کویت انہیں مالی مدد فراہم کرنے والا اہم خلیجی ملک ہے۔صالح السبتی کا کہنا تھا کہ کویت میں اخوانی افکار کی تشہیر روکنے میں کویت حکومت کو اپنی ناکامی تسلیم کرنی چاہیے۔ کویت کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے اخوانیوں کے گمراہ نظریات کے فروغ پر حکومت کو ہمیشہ خبردار کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت کے مرکزی بنک کے ذریعے اخوان المسلمون کو رقوم کو لین دین کیا جاتا رہا ہے لیکن حکومت نے اخوان المسلمون کے مالی سوتے خشک کرنے کے لیے کوئی موثر قانون سازی نہیں کی ہے۔

سعودی عرب میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک 
ریاض ۔ 13 مارچ (یو این این) سعودی عرب کے شمالی علاقے حائل میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات کے دوران 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سعودی میڈیا کے مطابق ملک کے شمالی علاقے حائل میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور حکام نے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جبکہ شہریوں کو برساتی نالوں کے قریب جانے سے بھی روک دیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باعث ٹریفک کے حادثات بھی پیش آئے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کا شمار دنیا کے خشک ترین ممالک میں ہوتا ہے سعودی عرب میں گز شتہ برس نومبر میں بھی شدید بارشوں کے باعث حادثات کے دوران گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔