.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

وینزویلا : مظاہروں کا سلسلہ جاری ، مزید 3 افراد ہلاک،تعداد 25تک پہنچ گئی

جمعرات, مارچ 13, 2014

وینزویلا میں حکومت کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں مزید 3 افراد ہلاک،تعداد 25تک پہنچ گئیکراکس۔ 13 مارچ (یو این این) وینزویلا میں حکومت کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں مزید 3 افراد ہلاک ہوگئے ، جس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب تک ان مظاہروں میں کل 25 افراد مارے جاچکے ہیں ۔ گزشتہ روز بھی دارالحکومت کراکس میں مظاہرین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔ اسی دوران صدر نیکولس میڈورو کے حامیوں نے بھی صدر کے حق میں ریلی نکالی۔پولیس نے ان مظاہرین اور صدر کے حامیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ ان مظاہرین نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم بھی پھینکے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ 1 ماہ سے جاری ان مظاہروں میں اب تک 13 سو افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔
ناکام اقتصادی پالیسیاں،فروری میں بھارت کی برآمدات میں 26 ارب ڈالرز کی کمیفرانس۔ 13 مارچ (یو این این) بھارت میں رواں سال کے دوسرے مہینے میں گزشتہ 8 مہینوں کی نسبت برآمدات کی شرح میں کمی آئی ہے جس سے ملک میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل ملک کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے امیدیں مانند پڑ گئی ہیں ۔ فرانسیسی پریس کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا انکشاف بھارت کی وزارت اقتصاد نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ بھارتی وزارت اقتصاد کی رپورٹ کے مطابق ملک کی برآمدات فروری کے مہینے میں گزشتہ سال کی نسبت 4 فیصد کم رہی جس کا تخمینہ تقریباً 26 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے ۔ اس ضمن میں بھارت کے اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی ناکام اقتصادی پالیسیوں اور کارکردگی آئندہ پارلیمانی انتخابات میں حکمران جماعت کی حمایت میں کمی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
جنوبی کوریا امریکہ سے پیٹریاٹ تھری میزائل خریدے گا سئیول ۔ 13 مارچ (یو این این) سئیول حکومت کے دفاعی خریداری پروگرام کے پریس سیکرٹری پیک یون ہیون نے کہا ہے جنوبی کوریا میں میزائل مخالف نظام تشکیل دیے جانے کی خاطر امریکہ سے پیٹریاٹ تھری میزائل خریدے گا اور اپنے پاس موجود پیٹریاٹ ٹو میزائلوں کو جدید بنائے گا۔ پیک یون ہیون کے مطابق جرمنی سے خریدے گئے پہلے 48 پیٹریاٹ ٹو میزائلوں کو بیک وقت پیٹریاٹ تھری میزائلوں کے ساتھ داغا جا سکتا ہے۔ سیول یہ نئے میزائل امریکی کارپوریشن “لاک ہیڈ مارٹن” سے خریدے جانے کا منصوبہ بنا رہا ہے جبکہ پیٹریاٹ ٹو کو جدید بنانے کا کام امریکہ کی فرم “ریٹیون” کرے گی۔(
انٹرنیٹ کی تخلیق کو 25 سال مکمل ہو گئےلندن ۔ 13 مارچ (یو این این) انٹرنیٹ جس کے وجود میں آنے سے انسانیت ہمیشہ کے لیے بدل کر رہ گئی ہے اس کا وجود پچیس برس پرانا ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق 1989 میں برطانیہ کے سائنسدان اور موجد سر ٹم برنرس لی نے جو سوئیٹزرلینڈ کے تحقیقی مرکز سرن میں اندرونی طور پر دستاویزات کا تبادلہ کیے جانے پر کام کر رہے تھے، ایک عالمی ہائپرٹیکسٹ منصوبہ شروع کیا تھا جو آج ورلڈ وائیڈ ویب کے نام سے مشہور ہو چکا ہے۔ انٹرنیٹ کے ذریعے دستاویزات کی دنیا بھر میں ترسیل آسان اورفوری ثابت ہوئی ہے۔ انٹرنیٹ کے ساتھ وابستہ ایک مسئلہ جو دنیا میں پیدا ہوا ہے وہ سائیبر سیکیورٹی کا ہے، جس کی وجہ سے بہت سے ملک انٹرنیٹ کے استعمال کو محدود کیے جانے کی خاطر تیار ہیں۔ انٹرنیٹ کی ایجاد کے ساتھ ہی سر برنرس لی نے انٹرنیٹ تک ہر ایک کی رسائی کو محفوظ بنائے جانے کی بات بھی کی تھی یوں مستقبل میں نیٹ کے استعمال کی راہ بھی کھلتی ہے۔
یوکرین کے مسئلہ پر روس کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگانے پر امریکی حکومت میں اختلاف واشنگٹن ۔ 13 مارچ (یو این این) نیویارک ٹائمز اخبار کے مطابق امریکی حکومت میں روس کے ساتھ یوکرین کے حوالے سے سلوک کیے جانے پر اختلافات ہیں۔ کچھ چاہتے ہیں کہ پابندیاں جلد از جلد لگائی جانی چاہئیں اور کچھ سمجھتے ہیں کہ پابندیاں لگائے جانے سے امریکہ کے اتحادیوں میں خوف پھیل جائے گا کہ روس جوابی اقدام کرے گا۔ روس اور امریکہ کی سالانہ تجارت کا حجم چالیس ارب ڈالر ہے لیکن تجارتی روابط کا حجم کہیں وسیع ہے۔ مثال کے طور پر کمپنی “فورڈ” کا روس میں اسمبلنگ پلانٹ ہے جس کے لیے پرزے یورپ سے آتے ہیں۔ فضائی خلائی کارپوریشن “بوئنگ” کے بھی روس کے ساتھ بھاری تجارتی روابط ہیں۔
ماسکو اپنے بین الاقوامی فرائض پورے کرے گا، شفافیت کے اقدام جاری رکھیں گے،روسی نائب وزیر دفاع ماسکو۔ 13 مارچ (یو این این) نائب وزیر دفاع اناطولی انتونوو نے کہا ہے کہ۔” ہم آئندہ بھی اپنے بین الاقوامی فرائض ادا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں شفافیت کے اقدام جاری رکھیں گے اور وہ اقدامات لیں گے جو روس کے مفاد میں ہوں گے۔ ان کا جوہری ہتھیاروں میں کمی اور 2011 کے ویانا سمجھوتے سے گہرا تعلق ہے” انتونوو کے مطابق یہ سوچنا درست نہیں کہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے سے کسی ایک ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔ اصول کے مطابق یہ تمام فریقین کے مفاد میں ہوتا ہے۔ اگر عمل میں اس کا اظہار نہ ہو تو بین الاقوامی اتفاق یا سمجھوتہ اپنی حیثیت کھو بیٹھتا ہے” ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے ذرائع ابلاغ میں اعلان ہوا تھا کہ روس امریکہ اور نیٹو کی جانب سے عسکری تعاون روکے جانے کے جواب میں ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے اور 2011 میں منظور کردہ ویانا سمجھوتے کے ضمن میں معائنہ کاروں کے گروپ کو آنے سے روک سکتا ہے۔
ارجنٹائن میں اساتذہ اور سرکاری ملازمین نے کم سے کم اجرت میں دو گنا اضافہ کا مطالبہ کر دیا بیونس آئرس ۔13 مارچ (یو این این)ارجنٹائن میں اساتذہ اور سرکاری ملازمین کم سے کم اجرت میں دو گنا اضافہ کا مطالبہ کر دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ اور سرکاری ملازمین پلازا ڈی مائیو سکوائر پر جمع ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جنوری میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی قدر میں 18فیصد کمی کے باعث مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث حالیہ تنخواہوں کے ساتھ ضروریات زندگی کو پورا کرنا ناممکن ہوگیا ہے ۔ مظاہرین نے صدر کرسٹینا کرچنر کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت سے کم سے کم اجرت میں دوگنا سے زائد اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء شیڈول کے مطابق مکمل ہو گا،امریکی حکامواشنگٹن ۔13 مارچ (یو این این) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء شیڈول کے مطابق مکمل ہو جائے گا تاہم روس اس میں رکاوٹ نہیں بن سکتا ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سینیٹ میں نیٹو کے اعلیٰ ترین کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء مقررہ مدت سے مکمل کر لیا جائیگا اور واپسی کے ساتھ ساتھ تمام فوجی آلات کو ہٹالیاجائیگا۔ جنرل ڈنفورڈ نے مزیدکہا کہ روس کسی بھی طور پر امریکی فوجی انخلاء کے عکمل کو پٹری سے اتار نہیں سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قفقاذ کا ایل نیٹ ورک بھی اگر روس کی جانب سے بند ہو جاتا ہے تو تب بھی انخلاء کا عکمل متاثر نہیں ہوگا ۔
شام کے صدر کی مہاجروں سے ملاقات ،خیریت دریافت کیدمشق ۔13 مارچ (یو این این)دمشق کے صدر بشارالاسدنے مسلح کشیدگی کے باعث گھروں کو خیر باد کہنے والے مہاجرین سے ملاقات کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ملاقات دمشق کے شمال مشرق میں بیس کلومیٹر کی دوری پہ واقع شہر ادرا میں ہوئی۔ صدر نے معائنہ کے دوران مہاجرین سے بات چیت کی اور ان کے حالات کے بارے معلومات حاصل کیں ۔ مقامی میڈیا کے مطابق شامی صدر2 ماہ کے بعد عوام میں نظر آئے ہیں شامی صدر کچھ عرصہ سے لوگوں میں کم آتے ہیں اور دارالحکومت سے بہت کم باہر نکلتے ہیں۔ بشار الا سد کو آخری بار جنوری میں دمشق کی مسجد میں نماز پڑھتے دیکھا گیا تھا۔واضح رہے کہ شام کی حکومت اور باغیوں کے مابین مسلح تصادم مارچ 2011 سے جاری ہے جس میں ایک لاکھ لوگ جان سے جا چکے ہیں۔
اوباما کی ریٹنگ ریکارڈ حد تک کم ہو گئیواشنگٹن۔13 مارچ (یو این این) امریکی اخبار ‘ دی وال سٹریٹ جرنل‘ اور ٹی وی چینل ‘این بی سی‘ کی جانب سے کرائی گئی رائے شماری کے مطابق امریکہ کے صدر باراک اوباما کی ملک کے شہریوں میں مقبولیت ریکارڈ حد تک گر کر 41فیصد رہ گئی ہے۔آراء شماری کے نتائج کے مطابق اس وقت 54فیصد امریکی اوباما کی حمایت نہیں کرتے۔ یہ شرح بھی ان کے پورے عرصہ صدارت کے دوران کم ترین ہے۔ یہ کم اشاریے ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے تشویشناک ہیں جو نومبر 2014 کے مجوزہ انتخابات میں سینیٹ میں اپنی اکثریت برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آراء شماری اس برس 5 تا 9 مارچ کروائی گئی ہے۔ اس میں ایک ہزار سے زائد بالغ افراد نے حصہ لیا تھا۔
روس کی چھاتہ بردار فوج کی سب سے بڑی مشقوں کا آغاز ہو گیاماسکو۔13 مارچ (یو این این)روس کی چھاتہ بردار فوج کی سب سے بڑی مشقوں کا آغاز ہو گیا،جن میں 4000 سے زیادہ اہلکار اور36 طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ ان مشقوں میں چھاتہ بردار دہشت گردی سے نمٹنے کی مشقیں کریں گے۔ ان میں مختلف مقامات پر اور مختلف موسمی حالات میں زمین پر اترنا شامل ہوگا۔ مشقیں 14 مارچ تک جاری رہیں گی۔ ان میں انتہائی جدت یافتہ آئی ایل۔76 طیارے، آخری نسل کی چھاتہ بردار بکتر بند گاڑیاں اور اسی طرح جنگی سرگرمیوں میں استعمال کی جانے والی جدید ترین خود مختار ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، جس کی مدد سے چھاتہ بردار فوج کی کمان اور مشقوں میں شریک تمام افراد سے رابطہ بحال رکھا جا سکے گا۔
افغانستان سے امریکی فوج کے انخلامیں روس رکاوٹ نہیں بن سکتا، جنرل ڈنفورڈواشنگٹن۔13 مارچ (یو این این)امریکی سینیٹ میں افغانستان میں نیٹو کے اعلیٰ ترین کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا شیڈول کے مطابق مکمل ہو جائے گا۔ امریکی جنرل کے مطابق مقررہ مدت میں فوج کی واپسی کے ساتھ ساتھ تمام فوجی آلات کو بھی ہٹا لیا جائے گا۔ جنرل ڈنفورڈ کے مطابق اس دوران افغانستان میں روس کسی بھی طور پر امریکی فوجی انخلا کے عمل کو پٹری سے اتار نہیں سکتا۔ جنرل ڈنفورڈ کے مطابق قفقاذ کا ریل نیٹ ورک بھی اگر روس کی جانب سے بند ہو جاتا ہے تو تب بھی انخلا کا عمل متاثر نہیں ہو گا۔
برازیل میں کتے بلیوں کی پلاسٹک سرجری پر پابندیبرازیلیہ۔13 مارچ (یو این این)برازیل کی پارلیمنٹ نے ملک کے اندر کتے اور بلیوں کی پلاسٹک سرجری پر پابندی کے بِل کی منظوری دے دی ہے۔ اس بِل کی منظوری کے لیے قدامت پسند سیاستدان گارسا پریرا نے دیگر اراکین کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ برازیل میں پلاسٹک سرجری سے خاص طور پر کتوں کے کان اور بلیوں کے پنجوں کے ناخن تک کاٹے جاتے تھے اور جانوروں کی حقوق کی تنظیمیں اِس کی مخالف تھیں۔ رواں برس جنوری میں ساؤ پاؤلو کی ریاستی اسمبلی نے کاسمیٹک سرجری کے لیے مختلف پراڈکٹس کے جانوروں پر ٹیسٹ کرنے پر بھی پابندی لگا دی تھی۔
مغربی ممالک کا کریمیا میں متوقع ریفرنڈم کے خلاف سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کرنے کا فیصلہاقوام متحدہ ۔ 13 مارچ (یو این این) مغربی ممالک کریمیا میں متوقع ریفرنڈم کے خلاف سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کریں گے۔گزشتہ روز سفارتی ذرائع نے بتایا کہ مغربی ممالک یوکرائن کے علاقہ کریمیا میں متوقع ریفرنڈم کے خلاف سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ روس اس قرار داد کو ویٹو کرے گا۔ کریمیا میں یوکرائن سے علیحدہ ہوکر روس میں شامل ہونے کے بارے میں ریفرنڈم اتوار کو ہوگا جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ جزیرہ نما تیزی سے روس میں شامل ہوجائے گا۔ سفارت کاروں نے بتایا کہ قرار داد کا مسودہ اس طرح تیار کیا گیا ہے جس سے چین اور روس کے درمیان دراڑ پیدا ہوجائے گی۔ ایک سفارت کار نے کہا کہ روس اس قرار داد کو ویٹو کردے گا۔ جبکہ توقع کی جارہی ہے کہ چین قرار داد پر ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے گا۔
پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں میں کمی انتہائی اہم پیش رفت ہے،اقوام متحدہاقوام متحدہ ۔ 13 مارچ (یو این این) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں امریکہ کے ڈرون حملوں میں کمی ہوئی ہے اور اس کے نتیجے میں ایک بھی پاکستانی شہری ڈرون حملے میں ہلاک نہیں ہوا۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین ایمرسن نے کہاکہ پاکستان میں امریکہ کے ڈرون حملوں میں کمی انتہائی اہم پیش رفت ہے جس پر میں بہت خوش ہوں۔بین ایمرسن انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایمرسن نے کہا کہ 2013ء میں پاکستانی علاقوں پر مجموعی طور پر27 امریکی ڈرون حملے ہوئے جبکہ2010ء میں حملوں کی تعداد 128 تھی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ9 برس کے دوران سب سے اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ برس پاکستانی قبائلی علاقوں پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک بھی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکا افغانستان کے ساتھ ملحق پاکستان کے سرحدی قبائلی علاقے کو دہشت گردوں کا گڑھ قرار دیتا رہا ہے۔امریکی ڈرون حملے پاکستان میں انتہائی غیر مقبول ہیں۔پاکستان کی حکومت بھی ان حملوں کو ملکی خود مختاری کے خلاف قرار دینی اور امریکہ سے انہیں روکنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ ایمرسن نے بتایا کہ پاکستان میں ڈرون حملوں مین کمی کے باوجود یمن اور افغانستان میں صورتحال اتنی اچھی نہیں رہی۔
واشنگٹن اور اس کے گردونواح میں تیز ہوائیں، لاکھوں شہری بجلی سے محرومواشنگٹن ۔ 13 مارچ (یو این این) امریکی دارلحکومت واشنگٹن اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے باعث لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار 76 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں کے اس سلسلے میں مزید تیزی کی پیش گوئی کی گئی ہے اور عوام کو انتباہ کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی لائنوں میں خلل اور گاڑی چلانے والوں کو مزید دشواری پیش آسکتی ہے۔

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔