.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

انتخابی نتائج اور نئی حکومت : آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت

ہفتہ, مئی 31, 2014

نئی دہلی ، 31 مئی : آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے آج انتخابی نتائج اور نئی حکومت کے سلسلے میں آج مندرجہ ذیل بیان جاری کیا:

ہم امید کرتے ہیں کہ پارلیمانی انتخابات کے نتیجے میں بی جے پی کی قیادت کے تحت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی نئی حکومت ملک کے سیکولر جمہوری آئین کا احترام کرتے ہوئے تمام پسماندہ طبقات بالخصوص اقلیتوں کی بہبودی اور ان کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کو ترجیح دے گی۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت ترقی‘ اور’ بہتر حکمرانی‘ کے انتخابی وعدے کو پورا کرے گی اور ملک کو بدعنوانی اور فرقہ واریت جیسے سنگین مسائل سے نجات دلائے گی، جو ہمارے تمام مسائل کی بنیاد ہیں۔ حکومت سازی کے ابتدائی مرحلے میں دفعہ 370، مسلمانوں کے اقلیتی حقوق اور سیکولر نظام تعلیم سے چھیڑ چھاڑ کا عندیہ دے کر مودی حکومت کے بعض وزیروں نے کچھ سوالوں کو جنم دیا ہے۔ضرورت ہے کہ نئی حکومت کے وزراء اس قسم کی بیان بازی سے گریز کریں جس سے سماجی تانے بانے اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ واجپائی حکومت نے جس طرح اختلافی مسائل کو دور رکھا تھا وہ موجودہ حکومت کے لئے مشعل راہ ہونا چاہئے۔

ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ اپوزیشن پارٹیاں بھی اپنا حقیقی رول نبھاتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر گہری نگاہ رکھیں تاکہ آئینی تقاضے پورے ہوں۔ ہم کمزور طبقات بالخصوص اقلیتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیمی اور اقتصادی ترقی پر مرکوز کریں اور منافرت پھیلانے والوں سے ہوشیاررہیں۔ ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب صبر اور حکمت سے دیں تاکہ انتشار پسند قوتوں کو اپنے مقصد میں کامیابی حاصل نہ ہوسکے۔ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف پولیس،انتظامیہ ، عدلیہ،، حقوق انسانی کمیشن، قومی اقلیتی کمیشن اور پریس کونسل آف انڈیا وغیرہ سے بر وقت رجوع کریں۔
ہم مسلمانان ہند کویہ مشورہ دیتے ہیں کہ اکثریتی فرقے کے ساتھ عمدہ روابط قائم کرنے کے لئے ہر علاقے میں رابطہ اور امن کمیٹیاں تشکیل دیں۔ کسی بھی قسم کی مایوسی اور ہیجان میں مبتلا ہونے کی بجائے صبر، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مثبت قوتوں کو ملک و ملت کے لئے روبہ عمل لائیں۔

جاری کردہ : ڈاکٹر ظفرالاسلام خان صدر، محمد جعفر نائب صدر ، منظور احمد، آئی پی ایس ریٹائرڈ نائب صدر ، حافظ رشید چودھری نائب صدر ، احمد رشید شیروانی سکریٹری جنرل ، پروفیسر محمد سلیمان جنرل سکریٹری ، مفتی عطاء الرحمٰن قاسمی جنرل سکریٹری،معصوم مرادابادی جنرل سکریٹری ، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس جنرل سکریٹری


0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔