.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

سرینا ولیمز نے چھٹی بار یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کیا

پیر, ستمبر 08, 2014
نیو یارک: امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے چھٹی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو شکست دیکر امریکہ کی مارٹینا ناوراٹیلوا کا 18 مرتبہ گرینڈ سلام سنگلز ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ سرینا ولیمز نے کیرولین وزنائیکی کو میگا ایونٹ کے فائنل میں سٹریٹ سیٹس میں شکست سے دو چار کیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن میں خواتین کے سنگلز مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں امریکہ کی عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-3 سے شکست دیکر مسلسل تیسری اور اجتماعی طور پر چھٹی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینا ولیمز نے کہا کہ وہ میگا ایونٹ کے کامیاب دفاع اور اپنی اس بڑی فتح پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو دیکھنے کے لیے انہوں نے بہت تیاری کی ہوئی تھی جس کا صلہ انکو کامیابی کی صورت میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھیں گی اور مزید ٹائٹلز اپنے نام کرینگی۔ واضح رہے کہ سرینا ولیمز نے چھٹی مربتہ یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کا ٹائٹل 1999ء میں، دوسری مرتبہ 2002ء میں، تیسری مرتبہ 2008ء میں جیتا اس کے بعد انہوں مسلسل تین مرتبہ 2012، 2013ء اور 2014 کا ٹائٹل جیتا۔ سرینا ولیمز اپنے ٹینس کیریئر میں اب تک 18 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیت چکی ہیں۔ جرمنی کی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار سٹیفی گراف اپنے ٹینس کیریئر میں 22 مرتبہ گرینڈ سلام کے ٹائٹلز جیت چکی ہیں۔ سرینا ولیمز نے سیمی فائنل میچ میں روس کی اکاترینا ماکاروا کو شکست دیکر جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے چین کی شوائی پینگ کو شکست دیکر میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔