.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

مال مفت دل بے رحم کا مقولہ سچھ ثابت ہوا

جمعہ, ستمبر 26, 2014

آکلینڈ - مال مفت دل بے رحم کا مقولہ تو آپ نے سنا ہی ہو گا- نیوزی لینڈ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایک باورچی نے اپنے بینک اکاؤنٹ میں غلطی سے آنے والے ایک لاکھ ڈالرز سے زیادہ جوئے میں اڑا دیے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اخبار ’ہیرالڈ‘ کے مطابق مہدی سہیلی کے بینک نے ان کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ 40 ہزار نیوزی لینڈ ڈالر غلطی سے منتقل کر دیے تھے۔

مہدی نے اس میں سے ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم ایک ہفتے میں خرچ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ مہدی کے وکیل نے کہا ہے کہ ان کے موکل نے ’بدقسمتی سے موقع سے فائدہ اٹھانے کا جرم کیا ہے‘ اور وہ یہ رقم جوئے میں ہار گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اخبار ’آکلینڈ ناؤ‘ کا کہنا ہے کہ متاثرہ بینک نے، جس کی شناخت کو خفیہ رکھا گیا ہے، اس رقم کو مہدی کے لیے ’اوور ڈرافٹ‘ میں تبدیل کر دیا ہے جسے وہ آہستہ آہستہ ادا کریں گے۔

 مہدی کی وکیل شینن ودرز نے کہا ہے کہ مہدی کے احمقانہ فیصلے ان کے مستقبل کو آنے والے کئی سالوں تک متاثر کریں گے۔ اس مقدمے کی سماعت کے دوران جج ڈیوڈ ولسن نے کہا کہ مہدی کو قید کی سزا دی جا سکتی ہے تاہم انھوں نے سزا سنانے کا فیصلہ نومبر تک ملتوی کر دیا۔ جج کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہدی کو یہ رقم واپس کرنے میں کم از کم 13 سال لگیں گے۔ نیوزی لینڈ میں جوئے کی لت ایک بڑا مسئلہ ہے جہاں حکومت کے مطابق تقریباً 60 ہزار افراد یعنی ملک کی بالغ آبادی میں سے ایک اعشاریہ آٹھ فیصد لوگ اس لت کا شکار ہیں۔ ملک کے محکمۂ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گیمنگ مشینوں یا ’پوکیز‘ تک آسان رسائی اس مسئلے کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔